نئی دہلی:29 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ای ڈی نے جمعہ کو کہا کہ اس نے دہشت گرد تنظیموں کے تین مبینہ ارکان پر 15 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا اور کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے منسلک دہشت گردی کی فنانسنگ سے متعلق 17 سال پرانے ایک معاملے میں سات لاکھ روپے نقد ضبط کئے ہیں۔ای ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمانے اور نقدی ضبط کئے جانے کی یہ کارروائی غیر ملکی کرنسی کے انتظام ایکٹ (فیما) قانون کے تحت کی گئی ہے اور اس کے تحت محمد ایوب میر، بیچھ راج بینگانی اور ہربنس سنگھ کے خلاف الزام لگائے گئے ہیں۔ای ڈی نے دہلی پولیس کے خصوصی سیل کی کارروائی کی بنیاد پر اس معاملے کی جانچ اپنے ہاتھوں میں لی تھی۔دہلی پولیس نے دو جولائی 2002 کو میر کو اس وقت گرفتار کیا تھا، جب وہ مبینہ طور پر دہشت گرد کارروائیوں کے لئے ہربنس سنگھ سے سات لاکھ روپے حوالہ کی رقم لے رہا تھا۔اس نے الزام لگایا کہ میر لشکر کا سرگرم رکن ہے اور جموں وکشمیرپولیس نے اسے مطلوبہ اعلان کر رکھا ہے۔